بھٹکل 12 جون (ایس او نیوز) بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے زیر اہتمام اہانت رسول ﷺ پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے اور گستاخ رسول نپور شرما اور نوین جندال کو گرفتار کرنے کا مطالبہ لے کر آج اتوار کو ہونے والا احتجاج ملتوی کیا گیا ہے۔
فیڈریشن صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے بتایا کہ آج شام بعد نماز عصر کو منعقدہ احتجاج پولس کی درخواست کے بعد ملتوی کیا گیا ہے، عنقریب نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
بتاتے چلیں کہ اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر کی طرف سے مغربی ٹیچرس حلقہ میں ہونے والے ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظر اتوار سے 48 گھنٹوں کے لئے پولنگ بوتھ سے 200 میٹر تک کے دائرہ میں دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے۔ ضلع میں انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہونے کی وجہ سے پولس نے فیڈریشن کے ذمہ داران سے درخواست کی کہ وہ اس موقع پر احتجاجی مظاہرہ نہ کرے اور اسے ملتوی کرے۔
اس موقع پر اُترکنڑا ایس پی محترمہ سمن پنیّکر خصوصی طور پر بھٹکل تشریف لاتے ہوئے فیڈریشن کے ذمہ داران سے میٹنگ کا انعقاد کیا اور احتجاج کو ملتوی کرنے کی درخواست کی۔ میٹنگ میں بھٹکل ڈی وائی ایس پی بیلی ایپا اورکرائم برانچ ڈی سی پی اروند گلگوجّی سمیت دیگر پولس آفسران موجود تھے۔ فیڈریشن کی طرف سے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، نائب صدر اسماعیل انجم گنگاولی، جنرل سکریٹری ، عمیر سعید رکن الدین سمیت ایڈوکیٹ آفاق کولا موجود تھے۔